ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / اے ایس آئی کی تجویز، تاج محل کے اندر تین چار گھنٹے سے زیادہ کسی کو نہ رکنے دیں

اے ایس آئی کی تجویز، تاج محل کے اندر تین چار گھنٹے سے زیادہ کسی کو نہ رکنے دیں

Tue, 23 Aug 2016 20:21:46    S.O. News Service

نئی دہلی، 23؍اگست (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ہندوستانی آثار قدیمہ سروے سیکشن (اے ایس آئی)چاہتا ہے کہ دنیا بھر میں مشہور تاریخی سیاحتی مقام تاج محل آنے والے لوگوں میں سے کسی کو بھی تین چار گھنٹے سے زیادہ وہاں نہیں رکنے دیا جائے۔دراصل، ملک کے چیف جسٹس ٹی ایس ٹھاکر کی صدارت والی سپریم کورٹ کی بنچ نے تاج محل کے اندر سیاحوں کی تعداد کو قابو میں رکھنے کے اقدامات کے بارے میں تفصیلی معلومات مانگی تھی، اس لیے پیر کو اے ایس آئی کے وکیل اے ڈی این راؤ نے ان تجاویز کی معلومات عدالت کو دی۔سپریم کورٹ کی طرف سے یہ پوچھے جانے پر کہ تاج محل کے اندر سیاحوں کی تعداد کو کس طرح قابو میں رکھا جا سکے گا، ا س پر ایڈووکیٹ نے کہا کہ چونکہ تاج محل کے اندر ایک ہی وقت میں بہت زیادہ لوگ موجود رہتے ہیں، اس لیے اس کے علاج کے طور پر ہر سیاح کے رکنے کے وقت کو محدود کئے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔سپریم کورٹ کو بتایا گیا کہ اے ایس آئی کا ارادہ ہے کہ الگ الگ رنگ کے ٹکٹ فروخت کئے جائیں گے، تاکہ پتہ چلتا رہے کہ کون سا سیاح کتنے وقت سے اندر آیا ہوا ہے، اور کنتی دیر تک اسے اندر رہنے دیا جا سکتا ہے۔ا ے ایس آئی کے مطابق، اس طرح ان سیاحوں کو روکا جا سکے گا، جو صبح تاج محل کھلتے ہی اندر پہنچ جاتے ہیں، اور اس کے بند ہونے تک وہیں رہتے ہیں۔ایڈووکیٹ کے مطابق، اس تجویز پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے، اور جلد ہی اسے حتمی شکل دیئے جانے کا امکان ہے۔اس کے علاوہ اے ایس آئی نے سپریم کورٹ سے اس بات کی درخواست کی ہے کہ تاج محل کے اندرونی حصوں کو دکھانے کے لیے چلائے جانے والے 30-30منٹ کے آٹھ سیشن کی جگہ پر 45-45منٹ کے پانچ سیشن چلانے کی اجازت دی جائے، تاکہ سیاحوں کی زیادہ وقت نہیں دئیے جانے کی شکایت دور کی جا سکے۔


Share: